مارجرین-انرجی ڈرنکس-زیادہ نمک چینی جلد بڑھاپے کا باعث

راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)مارجرین،انرجی ڈرنکس، زیادہ چینی اور نمک بڑھاپا جلد لانے کا باعث بنتے ہیں۔طبی ماہرین کے مطابق مارجرین میں موجود ٹرانس فیٹ جسم میں پانی کی سطح کو کم کرتا ہے، جسم نمی سے محروم اور اس پر اتنی تیزی سے جھریاں نمودار ہوں گی کہ قبل از وقت بڑھاپا طاری ہو جائے گا۔انرجی ڈرنکس میں بہت زیادہ چینی اور تیزابیت ہوتی ہے جو کہ دانتوں کو نقصان پہنچانے والے عناصر ہیں جبکہ کیفین اور نمک کی بہت زیادہ مقدار جسم کو پانی سے محروم کرتی ہے ۔خاص طور پر اگر آپ پانی کم پیتے ہوں تو جلد بڑھاپے کیلئے آپ کو تیار ہو جانا چاہئے۔مغربی غذا ’’ پراسیسڈمیٹ‘‘ جسمانی عمر کے لیے تباہ کن ثابت ہوتی ہے، یہ جسم میں ایسے مضر اجزاء کی تعداد بڑھاتی ہے جو ڈی این اے اور خلیات پر اثرانداز ہو کر انہیں نقصان پہنچاتے ہیں جبکہ کینسر اور دیگر سنگین امراض کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ شوگر یا چینی زیادہ استعمال کی وجہ سے خلیات سے منسلک ہو جاتی ہے جس کے نتیجے میں چہرے سے سرخی غائب ہو جاتی ہے اور آنکھوں کے نیچے گہرے حلقے ابھر آتے ہیں۔ اسی طرح جھریاں اور ہلکی لکیریں بھی چہرے کو بوڑھا بنا دیتی ہیں۔ زیادہ نمک والے کھانے جسم میں پانی کی سطح متاثر کرنے کے ساتھ پیٹ پھولنے کا باعث بھی بنتے ہیں جبکہ پانی کی کمی سے جلد بے رونق جاتی ہے۔ ڈی ہائیڈریشن کے نتیجے میں ڈی این اے کو بھی نقصان پہنچتا ہے اور ٹیلو میئرز مختصر ہونے کے نتیجے میں بڑھاپے کی جانب سفر تیز ہو جاتا ہے۔زیادہ تلی ہوئی چیزیں کھانے سے بھی بڑھاپے کا باعث بننے والے مضر اجزاء تیزی سے بننے لگتے ہیں جبکہ دیگر امراض کا خطرہ الگ لاحق ہوتا ہے۔ٹرانس فیٹ جسمانی وزن میں اضافے کے ساتھ ساتھ جلدی خلیات کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتے ہیں، یہ مصنوعی ہائیڈروجن پر مبنی ہوتے ہیں جو کہ جسم میں ورم کا باعث بن سکتے ہیں۔ اسی طرح ٹرانس فیٹ ہماری جلد کو سورج کی شعاعوں سے نقصان پہنچانے کے عمل کو بھی تیز کر دیتے ہیں۔ جنک یا فاسٹ فوڈ میں ان کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے۔پراسیس شدہ چینی سے بننے والی ٹافیاں اور آلو کے چپس بھی بڑھاپا جلد لانے والی غذاؤں میں شامل ہیں۔

Comments (0)
Add Comment