اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر ٹرانسپورٹ سندھ نے کہاکہ کراچی میں امن وامان کی صورتحال پہلے سے بہت بہتر ہے، سندھ میں ٹرانسپورٹ سے متعلق تمام منصوبے جلدشروع ہوجائینگے،تھرمیں بچوں کی اموات کی شرح اتنی ہی ہے جتنی اسلام آباد میں ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق وزیرٹرانسپورٹ سندھ سیدناصر حسین شاہ نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ سندھ ہاؤس اسلام آباد ، سندھ ہاؤس مری کی بہتری کیلئے یہاں آیا ہوں، سندھ میں ٹرانسپورٹ سے متعلق تمام منصوبے جلد شروع ہوجائینگے، لاہورکی طرح سبسڈی والے ٹرانسپورٹ کے منصوبے سندھ حکومت کے پاس بھی تھے،5 یا 6 ماہ میں کراچی کیلئے 600 بسیں آجائیں گی، وزیراعظم عمران خان نے دورہ کیاتھا، ان سے تعاون کرنے کو تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن وامان کی صورتحال پہلے سے بہت بہتر ہے، اسٹریٹ کرائم کیلئے قانون سازی ہوناضروری ہے، مجرم چھوٹ کرواپس آجاتے ہیں،تھر میں آکرخود دیکھیں وہاں کیاکیا سہولیات دی گئی ہیں۔تبدیلی کے 100 دن کاانتظار کررہے ہیں، پیپلز پارٹی نے این ایف سی ایوارڈ پاس کیا تھا۔وزیر ٹرانسپورٹ نے کہاکہ کراچی میں بچوں کے اغوا کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جارہا ہے، بہت سے بچے راستہ بھول جاتے ہیں وہ بعد میں گھر پہنچ جاتے ہیں،بہت سے لاپتہ بچے اپنے گھروں کو پہنچ چکے ہیں۔