کراچی(اسٹاف رپورٹر) سائٹ سپر ہائی وے انویسٹی گیشن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے زمینوں پر قبضوں اور بھتہ خوری میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا، رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 16ملزمان کو گرفتار کرکے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، منشیات اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق سائٹ سپر ہائی وے صنعتی ایریا انوسٹی گیشن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے زمینوں پر قبضوں اور بھتہ خوری میں ملوث ملزم عزیز اللہ خان محسود کو گرفتار کرلیا، جبکہ ملزم کا ساتھی محسن خان محسود فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ تفتیشی افسر چوہدری نذیر نے بتایا کہ گرفتار ملزم اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر احسن آباد میں واقع اللہ بخش گوٹھ میں زمینوں پر قبضے کرکے ان کی جعلی فائلیں بنانے میں ملوث ہیں۔ علاوہ ازیں ترجمان رینجرزکے مطابق عید گاہ کے علاقے میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم شبیر عرف موٹا کو گرفتار کرلیا ملزم کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے۔ کلفٹن میں رینجرز نے 6 ملزمان عدیل، گل شیر علی عرف لانگ، محمد اشرف، صابر علی نعمان شاہ عرف خان اور محمد ارشد کو عید گاہ اور سعود آباد کے علاقوں میں 3 ملزمان محمد نعمان ، شان عرف شانی اور محمد فیضان کو کالا پل کے علاقے میں 4 غیر ملکی باشندوں محمد اختر عرف ہارون، سعید ولی عرف کاشف، عبدالرحمان عرف پٹھان اور سعید اکبر عرف راجو کوادھر کلفٹن اور سعود آباد کے علاقوں میں رینجرز نے 2 ملزمان عمران خان عرف فراز گل اور یاسر عرف یسین کو گرفتار کر لیا ملزمان علاقے میں منشیات فروشی میں ملوث ہیں، گرفتار تمام ملزمان کو قانونی چارہ جوئی کے لیے پولیس کے سپرد کردیا گیا۔