نارتھ کراچی کےگھروں میں ماوا تیار کرکے رات کو سپلائی کیاجاتا ہے

کراچی( اسٹاف رپورٹر)ذرائع کا کہنا ہے کہ پان کے کیبن والے اپنے گھروں میں 5 کلو چھالیہ کا ماوا اور گٹکا خود تیار کرکے اپنے کیبن پر فروخت کررہے ہیں ، کیونکہ علاقہ پولیس صرف مین سڑکوں پر گشت کرتی ہے جس کی وجہ سے اندر گلیوں میں واقع پان کی دکان اور جنرل اسٹور پر کھلے عام گٹکا فروخت کیا جارہا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سرجانی ٹاؤن سیکٹر فور بی میں ہونےوالی چائنا کٹنگ میں سلیم اور عدیل جنریٹر نے مل کر دبئی ماوا بنانے کا کارخانہ بنایا ہوا ہے ، جہاں پر رات کے وقت مضر صحت ماوا تیار ہوکر مشینوں کے ذریعے پیک کرکے رات کی تاریکی میں علاقے میں فروخت کیا جارہا ہے ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ نارتھ کراچی ہائی اسٹار اسکول کے عقب میں بھی فائیو اے ٹو کے نام سے ماوا تیار کیا جارہا ہے ،جبکہ پیلا اسکول کے عقب میں واقع آبادی میں تین سے چار گھروں میں ماوا تیار کرکے رات کی تاریکی میں ماوا سپلائی کیا جاتا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سرسید تھانے کی حدود ناگن چورنگی پر واقع پان کے کیبن پر مختلف ناموں سے ماوا پولیس کی سرپرستی میں فروخت ہورہا ہے، مذکورہ کیبنز پر کیبن مالکان بلاخوف گودھرا، دبئی ، اسٹار سمیت دیگر ماوے فروخت کررہے ہیں ، ذرائع کا کہنا ہے کہ پان کے کیبن پر عرفان نامی شخص گٹکا سپلائی کرتا ہے اس کے علاوہ کسی کو بھی پان کے کیبن پر گٹکا سپلائی کرنے کی اجازت نہیں ہے ۔

Comments (0)
Add Comment