گلبرگ میں الخدمت عہدیدار گھر سے حراست میں لے لیے گئے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے گلبرگ کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے الخدمت فاؤنڈیشن کے جنرل سیکریٹری کو حراست میں لے لیا۔اہلیہ نے 15 مددگار پر واقعہ کی اطلاع کردی۔ تفصیلات کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے منگل کی صبح تقریبا 8بجے کے قریب گلبرک بلاک 12میں رہائش پذیر الخدمت فاؤنڈیشن کے جنرل سیکریٹری اعجاز اللہ خان کے گھر پر چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے اعجاز اللہ کو حراست میں لے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ اعجاز اللہ خان کی اہلیہ نے واقعہ کی اطلاع فوری طور پر 15 مددگار پر دی گئی، جس پر 15 مددگار کے آپریٹر کا کہنا تھا کہ اعجاز اللہ خان کو اگر پولیس نے حراست میں لیا ہے ، تو ہم کیا کرسکتے ہیں۔واقعہ کے حوالے سے متعلقہ تھانے کو اطلاع کردیتے ہیں، جس پر گلبرگ تھانے کے ایس ایچ او راشد علی خان نے اعجاز اللہ خان کی اہلیہ سے رابطہ کیا اور انہیں بتایا کہ پولیس نے انہیں حراست میں نہیں لیا ہے ۔امت نے ایس ایچ او راشد علی خان سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ اعجاز اللہ خان کو کسی ایجنسی کے اہلکاروں نے حراست میں لیا ہے۔اس حوالے سے معلومات حاصل کررہے ہیں۔دریں اثنا امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے گلبرگ زون کے نائب امیر اور الخدمت کے ذمہ دار اعجاز اللہ خان کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اعجاز خان کی گرفتاری اور لاپتہ کرنا خلاف قانون ہے۔ان کا کوئی قصور ہے ، تو وہ سامنے لایا جائے ، بصورت دیگر انہیں فوری رہا کیا جائے۔

Comments (0)
Add Comment