اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیرِ خزانہ اسد عمر کے زیرِ صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں عوام پر بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا بوجھ نہ ڈالنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ای سی سی نے پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین کو اگست کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے فنڈز اور تمباکو سیس کے نظر ثانی شُدہ ریٹ کی منظوری بھی دیدی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کے الیکٹرک کے مسائل حل کرنے کے لیے کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہے جس میں خزانہ و پاور ڈویژن، وزارت پٹرولیم اور آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے حکام شامل ہوں گے۔اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئےوفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور وفاقی وزیرمنصوبہ بندی خسرو بختیار کا کہنا تھا کہ سابق حکومت نے تیل کی قیمتوں کا فائدہ عوام کو نہیں پہنچایا، ماضی میں بجلی کی ترسیل کے نظام پر کوئی توجہ نہیں دی گئی، لیسکو میں سالانہ 2.8 ارب یونٹس کا نقصان ہو رہا ہے۔خسرو بختیار نے کہا کہ سابق حکومت نے بری گورننس کے ریکارڈ توڑے، قرضے لے کر من پسند منصوبوں پر لگائے، ان کا فوکس اورنج لائن منصوبہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بیوقوف بنانے کے لیے سابق حکومت ترقیاتی بجٹ دکھاتی رہی۔ اس وقت پاکستان پر 28 ہزار ارب روپے کا قرضہ ہے جبکہ گردشی قرضے 1200 ارب تک جا پہنچے ہیں۔وفاقی وزیر خسرو بختیار کا میڈیا کو بریفنگ میں کہنا تھا کہ سابق حکومت کو 32 ارب ڈالر کا فائدہ ہوا، وہ پیسہ کہاں پر لگا؟ ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی کہ کسی جاتی ہوئی حکومت نے ترقیاتی بجٹ دیا ہو، سابق حکومت نے پاکستان کے مستقبل کا نہیں سوچا، 343 سکیمیوں کے لیے صرف 55 ارب روپے دیئے گئے۔انہوں نے یاد دہانی کرائی کہ وزیرِاعظم عمران خان نے منصب سنبھالتے ہی صوابدیدی فنڈز ختم کرنے کا اعلان کیا تھا، غیر منظور شدہ سکیمیوں کو ترقیاتی بجٹ سے ہٹا دیا گیا ہے۔پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے پر بات کرتے ہوئے خسرو بختیار نے کہا کہ پاکستان اور چین کے بڑے اچھے تعلقات ہیں لیکن ن لیگی حکومت نے اس پر غلط ترجیحات رکھیں، ہم اس منصوبے کے اندر ایک نیا ورکنگ گروپ بنا رہے ہیں، سی پیک منصوبے کو تیز اور بڑھایا جائے گا جو پاکستان میں غربت کے خاتمے پر زور دے گا، پاکستان کی سمت کا تعین بہت جلد ہو جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ سی پیک ٹیسٹ سیریز ہے لیکن پچھلی حکومت نے اسے ٹی 20سمجھ کر کھیلا، اسے ون ڈے سمجھ کر کھیلتی تو فائدہ ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری سعودی عرب تک محدود نہیں دیگر ممالک بھی سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔ فواد چودھری نے کہا کہ سعودی وفد کیساتھ اہم معاملات پر بات چیت جاری ہے، مذاکرات سے اسد عمر تفصیل سے آگاہ کریں گے۔