ایبٹ آباد میں سی پیک سکیورٹی عملے کی تنخواہ بندش پرہڑتال

ایبٹ آباد (نمائندہ امت) سی پیک سکیورٹی عملہ نے تنخواہیں نہ ملنے پر ہڑتال کر دی ، منگل کے روز ضلع کے 12کیمپوں میں کام نہیں ہو سکا۔ انتظامی افسران کی مصالحت کے بعد گیارہ کیمپوں کے ملازمین کام پر واپس آگئے تاہم سجیکوٹ کیمپ کے 48اہلکاروں نے تنخواہیں ملنے تک کام پر واپس آنے سے انکار کر دیا ہے۔ ضلع ایبٹ آباد میں سی پیک سیکورٹی پر تعینات عملہ کے 311اہلکاروں نے منگل کے روز ہڑتال کی۔ ان کا کہنا تھا کہ چوتھا مہینہ شروع ہو چکا ہے اور وہ تنخواہوں سے محروم ڈیوٹیاں کرنے پر مجبور ہیں۔ ڈی پی او کے زیر نگرانی تعینات یہ اہلکار سال 2016سے اپنی ڈیوٹیاں انجام دے رہے ہیں جن کی اکثریت ریٹائر فوجی حضرات پر مشتمل ہے۔ ان اہلکاروں کے مطابق انہیں 6, 6 ماہ کا کنٹریکٹ د یا جاتا ہے ۔ جبکہ ماضی میں تنخواہیں ایک دو ماہ کے وقفے سے انہیں دی جاتی رہی ہیں تاہم حالیہ معاملہ چوتھے ماہ کے آغاز پر ان کی ہمت جواب دے گئی ہے اور روزمرہ اخراجات برداشت کرنا ان کے بس کا روگ نہیں۔ ایک اہلکار نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ چند روز قبل بریگیڈ کمانڈراور ڈی پی او کے حوالے سے تنخواہیں ادا کرنے کی یقین دہانی بھی سامنے آئی تھی جس پر عملدرآمد نہیں ہو سکا۔ لہذا ہم نے مجبوری کے تحت ہڑتال کا قدم اٹھایا ہے تاہم تنخواہیں ملنے پر ہم اپنی ڈیوٹی پہلے کی طرح پوری جانفشانی سے انجام دینے پر تیار ہیں۔

Comments (0)
Add Comment