کراچی(اسٹاف رپورٹر)قومی ادارہ برائے امراضِ قلب کے ترجمان نے ادارے کو نجی اسپتال میں تبدیل کرنے کے حوالے سے تمام افواہوں کو مسترد اوراس کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام اور ملازمین کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی۔ ایسی افواہوں سے عوام اور مریضوں کے ساتھ ادارے کے ملازمین میں بھی بے چینی پیدا ہوئی ہے۔کچھ دن پہلے مفروضوں پر مبنی خبریں شایع کی گئی کہ این آئی سی وی ڈی کو لیاقت نیشنل اسپتال کی طرح ٹرسٹ اور پرائیویٹ ادارے کی نوعیت میں چلایا جائے گا، تاہم ایسی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ترجمان نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی سندھ حکومت کے ماتحت اوراس کے تعاون سے ایک سرکاری ادارے کی حیثیت میں بہترین انداز میں کام کر رہا ہے اور مستقبل میں بھی اسی طرح کام کرتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور ادارے کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمر جھوٹی خبروں کی مسترد کرتے ہوئے عوام ، مریضوں اور ملازمین کو یقین دہانی کراتے ہیں کے ادارے کو نجی اسپتال میں تبدیل کرنے کے بارے میں سوچا بھی نہیں جا سکتا۔