لاہور(امت نیوز) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ کیس میں سابق آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ خصوصی عدالت کے جج اعجاز حسن اعوان نے سانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ کیس کی سماعت کی، جس میں سانحہ کے حوالے سے درج مقدمہ نمبر 510/14 کی سماعت کے دوران پاکستان عوامی تحریک کے 2 اشتہاری کارکن عدالت میں پیش ہوئے۔ملزمان تنویر اعظم اور ساجد محمود نے درخواست ضمانت قبل از گرفتاری دائر کی تھی، جس پر عدالت نے فریقین کے وکلا کو گواہوں کے بیانات پر جرح کے لیے عدالت طلب کیا۔بعد ازاں پولیس کی جانب سے وکیل برہان معظم ملک عدالت میں پیش ہوئے جبکہ عوامی تحریک کی جانب سے وکیل محرم علی بالی عدالت میں پیش ہوئے، اس موقع پر ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل عبدالروف وٹو بھی عدالت میں موجود تھے۔خیال رہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ کیس میں گواہوں جواد حامد، فدا حسین، صابر کمال، احسان اللہ، ذوالفقار بٹ، انصر حیات کھوکھر سمیت 23 کے بیان قلمبند ہو چکے ہیں جبکہ عدالت نے 510/14 مقدمے میں 78 گواہوں کے بیانات قلمبند ہوچکے ہیں۔