ڈاکٹر عاصم کوباہر جانے کی اجازت۔اومنی گروپ اکائونٹس پرفیصلہ محفوظ

کراچی(اسٹاف رپورٹر) احتساب عدالت نے 462 ارب روپے کی کرپشن سے متعلق ریفرنس میں پی پی رہنما ڈاکٹر عاصم کو علاج کے لئے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی ہے ۔منگل کو سماعت پر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ڈاکٹر عاصم 2 سے 30 اکتوبر تک باہر جانا چاہتے ہیں۔ اس موقع پر ملزم کی میڈیکل رپورٹ بھی جمع کرائی گئی جس میں بتایا گیا کہ ڈاکٹر عاصم بیمار ہیں اور ان کو علاج کی سخت ضرورت ہے۔دریں اثنابینکنگ کورٹ نے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ سے متعلق کیس میں گرفتار ملزم اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید کے بیٹے عبدالغنی مجید کی جانب سے میڈیکل سہولیات اور بی کلاس کی فراہمی کی درخواست پر ایف آئی اے پراسیکیوٹر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے ۔عدالت نے اومنی گروپ کے منجمد اکاؤنٹ کھولنے کی درخواست پر بھی فیصلہ محفوظ کرلیا ہے ۔علاوہ ازیںاحتساب عدالت نے سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی و دیگر کے خلاف ایس آر پی حیدرآباد میں غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق ریفرنس میں وکیل صفائی کو گواہ کے بیان پر جرح کے لئے مہلت دیتے ہوئے سماعت 13 اکتوبر تک ملتوی کردی ۔

Comments (0)
Add Comment