لاہور؍اسلام آباد(خبر ایجنسیاں؍مانیٹرنگ ڈیسک) حکمران پی ٹی آئی نے نواز لیگی رہنما رانا مشہود کا بیان مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے کچھ بھی کہنے سے فرق نہیں پڑتا ۔انہیں کیا پتہ کہ کیا مذاکرات ہوئے ہیں ۔رانا مشہود سے زمینوں پر قبضے کے بارے میں ہی پوچھا جائے۔ اسٹیبلشمنٹ سے تعلقات میں بہتری کا دعویٰ کر کے لیگی رہنما نے اپنی قیادت کے چہرے پر کالک مل دی ہے ۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ رانا مشہود کے کچھ بھی کہنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا ۔انہیں کیا پتہ کہ کیا مذاکرات ہوئے ہیں ۔رانا مشہود سے تو بس زمینوں پر قبضے،تھانے داروں اور پٹواریوں کا پوچھا جائے۔پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ رانا مشہود نے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ تعلقات بہتر ہونے کا بیان دے کر اپنی قیادت کے منہ پر کالک مل دی ہے جو 2برس سے ووٹ کو عزت دو کا راگ الاپ رہی تھی ۔رانا مشہود کا مطلب ہے کہ اسٹیبلشمنٹ سے ووٹ لو ۔رانا مشہود نے بیان دے کر ایک تیر سے دو شکار کھیلنے کی کوشش کی ہے ، یہ ضمنی انتخابات میں ایسا بیان دیکر ووٹ لینے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔نام نہاد خادم اعلیٰ نے پنجاب کو کھربوں روپے کا مقروض کر دیا۔تحریک انصاف کی ایک ماہ کی حکومت میں ایک روپے کی کرپشن کا بھی اسکینڈل سامنے نہیں آیا۔