رانا مشہود کےذریعے ووٹرز کو پیغام دیا گیا

لاہور(رپورٹ :نجم الحسن عارف) نواز لیگی صدر شہباز شریف کے قریبی ساتھی رانا مشہود کے ذریعے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ایک بار پھر قربت اور پنجاب میں حکومت کے بننے کی بات شعوری طور پر لیک کرائی گئی ہے ۔ رانا مشہود احمد بیان کی تردید کے باوجود پارٹی رہنماؤں کو یقین دلاتے رہے کہ نواز لیگ کی حکومت آ رہی ہے ، تیاری کر لیں۔ رانا مشہود کے انتہائی قریبی ذرائع نے ‘‘امت ’’سے بات کرتے ہوئے بھی شہباز شریف کی اعلی عسکری قیادت سے ملاقاتوں کا دعویٰ کیا ہے ۔دوسری طرف اپنے خلاف باقی مقدمات کے فیصلوں کے انتظار کی وجہ سے سابق وزیر اعظم خاموش ہیں ۔شریف خاندان کے قریبی ذرائع کے مطابق جاتی امرا میں کسی نے بھی رانا مشہود کی پر خفگی کا اظہار نہیں کیا ہے ۔ وزیر اعظم عمران کی خالی کردہ نشست این اے131سے ضمنی الیکشن لڑنے والے خواجہ سعد رفیق بھی حیرت انگیز طور پر خاموش رہے ۔نواز لیگ کے ہی ایک اور ذریعے نے بتایا کہ ضمنی الیکشن کے لیے پنجاب کے ووٹرز کو جو پیغام دینا تھا وہ کامیابی سے دے دیا گیا ہے۔ اس بیان سے فائدہ ہوگا اور اس کے نتیجے میں نواز شریف اور مریم نواز کی خاموشی سے مایوس کارکنوں کے حوصلے بلند ہوں گے۔ایک سوال کے جواب میں ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف اپنے خلاف ممکنہ فیصلے آنے کے بعد ہی بولیں گے ۔وہ مرحومہ اہلیہ کا چہلم بھی گزارنا چاہتے ہیں۔عمران خان کی حکومت بننے کے بعد تک گورنر رہنے والے ایک سینئر نواز لیگی رہنما کے مطابق پارٹی رہنماؤں نے نواز شریف کو فی الحال خاموش رہنے کا مشورہ دیا ہے جو اپنی اہلیہ کے انتقال کے صدمے سے ابھی تک باہر نکل نہیں سکے۔ کم از کم چہلم تک نواز شریف کی خاموشی برقرار رہ سکتی ہے۔ ایک اور رہنما نے ‘‘امت ’’کو بتایا ہے کہ بیان سامنے آنے کے کئی گھنٹے بعد بھی رانا مشہود قریبی ساتھیوں و پارٹی رہنماؤں کو یقین دلاتے رہے کہ انہوں نے جو کچھ کہا ہے وہ درست ہے اور نواز لیگ حکومت بننے میں اب دیر نہیں لگے گی۔ آپ لوگ تیاری کریں۔ ‘‘امت ’’سے گفتگو میں سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ خود رانا مشہود ہی اپنے بیان کی تردید کر چکے ہیں ۔ اس دعوے کا ضمنی انتخابات میں نواز لیگ کو کچھ فائدہ یا نقصان ہونے والی کوئی بات نہیں۔جہاں تک شہباز شریف کی اعلی عسکری حلقوں سے ملاقات اور رابطوں کا تعلق ہے ایسی کوئی بات نہیں ہوئی۔ہمارا شروع سے ہی یہی موقف ہے کہ قومی اداروں کو سیاست میں ملوث کرنا چاہیے ، نہ خود کو سیاست میں ملوث کرنا چاہیے ۔ جہاں تک رانا مشہود احمد کا تعلق ہے ان سے پارٹی نے جواب طلب کر لیا ہے۔

Comments (0)
Add Comment