کراچی(امت نیوز) پاکستان ٹیم مینجمنٹ آسٹریلیا کیخلاف محمد حفیظ اور امام الحق کی اوپننگ جوڑی کو میدان میں اتارنے پر غور کرنے لگی۔پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان2 ٹیسٹ کی سیریز کا آغاز اتوار سے دبئی میں ہوگا، آل رائونڈر محمد حفیظ ابتدائی اسکواڈ میں شامل نہ تھے، مگر سلیکٹرز نے اپنے سابقہ فیصلے پر نظرثانی کرتے ہوئے انھیں یو اے ای بھیج دیا،انھوں نے گزشتہ روز ٹیم کو جوائن بھی کر لیا۔ذرائع نے بتایا کہ سیریز میں امام الحق کے ساتھ حفیظ کو ہی بطور اوپنر میدان میں اتارنے کی تجویز زیرغور ہے، اس صورت میں اظہر علی تیسرے، اسد شفیق چوتھے اور بابراعظم پانچویں نمبر پر بیٹنگ کرینگے،اس سے قبل رواں برس دورئہ برطانیہ میں امام الحق اور اظہر علی نے اوپننگ کی تھی، البتہ یہ جوڑی زیادہ کامیاب ثابت نہیں ہو سکی تھی، آئرش ٹیم کے اولین ٹیسٹ میں پاکستان کو13 اور2رنز کا ہی آغاز مل سکا۔امام الحق نے دوسری اننگز میں 74 رنز بنائے، انگلینڈ سے لارڈز ٹیسٹ میں اوپنرز صرف 12 اور 12 رنز ہی جوڑ سکے، اظہر علی نے پہلی باری میں ففٹی بنائی، لیڈز ٹیسٹ میں0 اور20 رنز پر ہی گرین کیپس نے ابتدائی وکٹ گنوائی، یوں 6 اننگز میں بہترین اوپننگ شراکت 20رنز کی تھی۔