کراچی(اسٹاف رپورٹر)بجلی کاٹے جانے پر لانڈھی 4بی کے علاقے میں گارمنٹس فیکٹری ملازمین نے کے الیکٹرک عملے کو تشدد کا نشانہ بنا دیا۔کے الیکٹرک کی درخواست پر پولیس نے ملازمین کیخلاف ایف آئی آر درج کرکے شمیم نامی شخص کو گرفتار کر لیا ہے ۔بجلی کمپنی کا دعویٰ ہے کہ بجلی چوری کے شواہد سامنے آنے پر فیکٹری کی بجلی منقطع کی گئی تو وہاں کام کرنے والے ملازمین اور دیگر افراد نے کے الیکٹرک عملے پر تشدد شروع کردیا جس میں عبدالاحد نامی ملازم شدید زخمی ہوگیا۔واقع کے بعد کے الیکٹرک کی جانب سے لانڈھی تھانے میں شمیم اور اقبال نامی شخص کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی گئی ۔پولیس نے فیکٹری کے ملازم شمیم کو گرفتار کرلیا ہے ۔ امت کو ایس ایچ او تھانہ لانڈھی رحیم خان نے بتایا کہ نامزد ملزم اقبال کی گرفتاری کے لیئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔