کراچی(اسٹاف رپورٹر) مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ لیگل ایڈ کال سینٹر کے ذریعے ملک بھر سے شہریوں کو مفت قانونی مشاورت دے رہے ہیں۔ لیگل ایڈ کال سینٹر کے دورے پر میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ 2014سے قائم سینٹر میں ہیلپ لا ئن نمبر 080070806پرملک بھر میں کہیں سے بھی شہری کال کرکے قانونی مشورہ طلب کرسکتے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ جرا ئم، گھریلو تشدد اور دیگر ہنگامی صورتحال میں سینٹر متاثرہ فرد کا مسئلہ حل کرنے کیلئے متعلقہ سرکاری محکموں بشمول پولیس سے رابطہ کرتا ہے، اس کے علاوہ سوشیو اکنامک مسائل ،پبلک سروس ،نادرا ،زکوٰة و عشر اور عام معلومات کیلئے اس کال سینٹر میں تربیت یافتہ عملہ کال و میسج کے ذریعے ان مسائل کو حل کرنے میں مدد دیتاہے۔ اس موقع پرصو با ئی مشیر کوسینٹر کی کارکردگی پربریفنگ میں بتایا گیا کہ کال سینٹر میں اعلیٰ عدالتوں کے 24ما ہر وکلا کی ٹیم شہریوں کے مسا ئل حل کرنے کیلئے صبح 9بجے سے شا م 5بجے تک موجود رہتی ہے۔ اس موقع پر صوبائی مشیر نے خو د ایک کال وصول کی اور جواب میں سائل کو متعلقہ محکمے کے افسرا ن و دفتر کے پتے سے آگا ہ کیا۔ صوبائی مشیر کو بتایا گیا کہ یہاں ملک بھر سے کال موصول ہوتی ہیں، مگر آگاہی نہ ہونے کے سبب خیبر پختون، پنجاب اور بلوچستان سے کالوں کا تنا سب کم ہے، جبکہ سندھ سے 80فیصد کالیں موصول ہوئی ہیں۔ صوبائی مشیر کو بتا یا گیا کہ اخبارات اور ٹیلی ویژن کے ذر یعے لیگل ایڈ کال سینٹر کی افادیت کے بارے میں آگا ہی دینا بہت ضروری ہے۔ صوبائی مشیر نے کال سینٹرکو مزید فعا ل بنانے کیلئے مکمل تعا ون کی یقین دہانی کرائی۔