کراچی(اسٹاف رپورٹر)8 ماہ سےتنخواہوں کی عدم ادائیگی اور غیر قانونی بے دخلی کیخلاف پورٹ قاسم کے ڈاک ورکرز کا کراچی پریس کلب پر احتجاجی دھرنا 10 ویں روز بھی جاری رہا،24 گھنٹے جاری دھرنے میں سیکڑوں مزدور شریک ہیں۔ بدھ کے روز دھرنے میں شریک 3 مزدور بے ہوش ہوگئے، جنہیں ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا۔ پورٹ قاسم ڈاک ورکرز(سی بی اے) کے رہنما اخلاق احمد، حسین بادشاہ، غلام یوسف اور دیگر کی قیادت میں ہونیوالے دھرنے میں وقفے وقفے سے مزدور رہنما اپنے مطالبات کے لئے ورکرز سے خطاب کر رہے ہیں، جن میں ان کا کہنا ہے کہ حکومت ان کے جائز مطالبات تسلیم کرےتاکہ محنت کشوں کے گھروں کے چولھے جل سکیں، تنخواہیں نہ ملنے کی وجہ سے مزدوروں کے اہل خانہ فاقہ ک شی کا شکار ہیں۔ دھرنے کے باعث پریس کلب کی ارد گرد کی سڑکوں پر ٹریفک نظام درہم برہم رہا۔