خورد برد الزامات پرپرنسپل لیاری میڈیکل کالج ہٹادی گئیں

کراچی(اسٹاف رپورٹر)بے نظیر بھٹو میڈیکل کالج لیاری کی پرنسپل پروفیسر انجم رحمٰن کو سنگین الزامات پر عہدے سے ہٹا کر پروفیسر آف سرجری ڈاکٹر شعیب گنگاٹ کو نیا پرنسپل تعینات کر نے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے ، جبکہ ڈاؤ یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی سربراہی میں 3رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے ،جو 15یوم میں اختیارات کے ناجائز استعمال اور کرپشن سے متعلق حقائق پیش کرے گی۔ایڈیشنل چیف سیکریٹری صحت ڈاکٹر عثمان چاچڑ نے 2اکتوبر کو چیف سیکریٹری سندھ ممتاز علی شاہ کے نام لکھے نوٹ میں کہا ہے کہ بے نظیر بھٹو میڈیکل کالج لیاری میں اگست 2013سے بطور پرنسپل تعینات گائنی پروفیسر ڈاکٹر انجم رحمٰن کے خلاف بد دیانتی اور داخلوں کے دوران بد انتظامی کی متعدد شکایت موصول ہوئی ہیں، جبکہ میڈیا پر بھی رپورٹس نشر و شائع ہوئی ہیں۔اسی طرح پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل انجم رحمٰن کی بطور 5سالہ پرنسپل کی مدت کے دوران ہونے والی بدانتظامیوں اور ناقص کارکردگی کی وجہ سے میڈیکل کالج کو گرے لسٹ میں شامل کر چکا ہے۔نوٹ کے پیرا نمبر 3میں انجم رحمٰن کو فوری طور پر عہدے سے ہٹا کر ان کی جگہ پروفیسر ڈاکٹر شعیب گنگاٹ کو نیا پرنسپل لگانے ، ڈاؤ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر سعید قریشی ، پرنسپل سندھ میڈیکل کالج ڈاکٹر سرور قریشی اور محکمہ صحت کے او ایس ڈی ڈاکٹر اعجاز خانزادہ پر مشتمل تحقیقاتی کمیٹی بنانے کی سفارش کی ہے ، جو 15یوم میں خورد برد اور اختیارات کے ناجائز استعمال کی تفصیلات اکٹھی کر کے سامنے لائے گی۔ صوبائی وزیر صحت نے منظوری کے بعد سمری چیف سیکریٹری سندھ ممتاز علی شاہ کو بھجوائی تھی اور بدھ کو چیف سیکریٹری نے ڈاکٹر انجم رحمٰن کو ہٹاکر پروفیسر ڈاکٹر شعیب گنگاٹ کو نیا پرنسپل لگانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ۔

Comments (0)
Add Comment