کراچی (اسٹاف رپورٹر )یوسف گوٹھ میں رشتے کے تنازع پر بیٹی کے قتل اور ماں کے زخمی ہونے کا مقدمہ 3ملزمان کیخلاف درج کرلیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سعید آباد کے علاقے بلدیہ ٹاؤن یوسف گوٹھ میں منگل کو فائرنگ سے قتل لڑکی بے نظیر اور زخمی ہو نے والی اسکی ماں ماروی کے کیس کا مقدمہ نمبر 390/18پولیس نے مقتولہ کے والد دلدار کی مدعیت میں درج کرلیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ مقدمے میں مدعی نے 3ملزمان گلاب چانڈیو، سلطان چانڈیو اور سرتاج چانڈیو کو نامزدکیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ مقتولہ بے نظیر کو 4 گولیاں لگی تھیں جبکہ والدہ کو ایک گولی لگی تھی۔ واقعے کے بارے میں پولیس نے کہا کہ مقتولہ بے نظیر کی گلاب چانڈیو سے رشتہ کی بات چیت چل رہی تھے اور کردار اچھا نہ ہونے پر اسے انکار کردیا گیا تھا، جس پر مقتولہ کے والد اور گلاب چانڈیو کے درمیان تنازع چل رہا تھا، جس کے بعد گزشتہ روز ملزم گلاب چانڈیو نے اپنے 2ساتھیوں سلطان اور سرتاج چانڈیو کے ہمراہ میرے گھر میں گھس کر فائرنگ کی، جس میں میری بیٹی جاں بحق اور بیوی شدید زخمی ہوگئی۔ پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔