کراچی (اسٹاف رپورٹر) قیوم آباد چورنگی پر تیز رفتار گاڑی اور محمود آباد میں ٹرین کی زد میں آکر 2افراد جاں بحق ہو گئے، لیاری میں کرنٹ لگنے سے بچہ جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ تفصیلات کے مطابق قیوم آباد چورنگی پر منگل و بدھ کی درمیانی شب نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر سڑک عبور کرنے والا نوجوان شدید زخمی ہو گیا، جسے فوری جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس نے دوران علاج دم توڑ دیا۔ اسپتال میں متوفی کی شناخت 25سالہ اسماعیل ولد فتح محمد کے نام سے کی گئی جو قیوم آباد کا رہائشی تھا۔ محمود آباد کے علاقے انبالہ سوئیٹ پھاٹک کے قریب پٹری عبور کرنے والا 30سالہ ساجد حسین ولد خادم حسین ٹرین کی زد میں آکر جاں بحق ہو گیا متوفی بلوچ کالونی کا رہائشی تھا۔ کلاکوٹ کے علاقے سدا بہار لین میں واقع گھر میں کھیل کے دوران کرنٹ لگنے سے 10سالہ نعیم بخش ولد کریم بلوچ جاں بحق ہو گیا۔