رانا مشہود کی پارٹی رکنیت معطل-تحقیقاتی کمیٹی قائم

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے صدرشہبازشریف رانا مشہود کے بیان سے متعلق صحافی کے سوال پر ناراض ہوگئے۔احتساب عدالت آمد پر مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف سے صحافیوں نے رانا مشہود کے بیان پر سوالات کیے ۔شہباز شریف نے کہا کہ رانا مشہود کے بیان پر پارٹی نے مؤقف دے دیا ہے، انہوں نے غیر ذمہ دارانہ بات کی جس پر انہیں شوکاز نوٹس جاری کروں گا۔ایک صحافی کے سوال پر کہ کیا کوئی ڈیل ہوئی ہے؟ جواب میں شہباز شریف نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ ایسی بات کریں جس کا کوئی سر پیر ہو۔دریں اثنا مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف نے متنازعہ بیان پر رانا مشہود کی پارٹی رکنیت معطل کر دی ہے، رانا مشہود سے بازپرس کے لئے 3 رکنی خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ راجہ ظفر الحق، سردار ایاز صادق اور رانا تنویر پر مشتمل کمیٹی تحقیقات کرے گی، کمیٹی دو ہفتے میں تحقیقات کر کے اپنی سفارشات کے ساتھ رپورٹ پیش کرے گی، تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں رانا مشہود سے متعلق فیصلہ ہوگا۔

Comments (0)
Add Comment