اسلام آباد (نمائندہ امت) پاکستان نے برطانیہ کے ساتھ تحویل مجرمین کے معاہدے پرعمل درآمد کی ابتدا ء کردی ہے اور برطانیہ میں سنگین جرائم میں مطلوب ملزم شاہد کو برطانوی نیشنل کرا ئم ایجنسی کی ٹیم کے سپرد کردیا ہے جس کے بعد اسے چارٹر طیارے کے ذریعے برطانیہ پہنچادیا گیا ہے ملزم شاہد اڈیالہ جیل میں قید تھا ،وہ برطانیہ کو ایک گھر کو جلانے اور 8افراد کو جھلسا کر مارنے کے الزام میں مطلوب تھا۔برطانیہ کو پہلا مطلوب ملزم حوالے کرنے کے بعد اب وفاقی حکومت کی طرف سے متعدد مقدمات میں مطلوب اسحاق ڈار کو برطانیہ سے پاکستان لانے پر کام شروع کردیا گیا ہے جبکہ اس کے ساتھ دیگر مجرموں پر بھی ہاتھ ڈالنا آسان ہو گیا ہے۔پاکستان میں برطانوی ہا ئی کمیشن کے مطابق چھتیس سالہ شاہد محمد پر 2002ء میں ہڈرز فیلڈ میں ایک گھر نذر آتش کرنے کا الزام ہے ،اس واقعے میں 5 بچے اور 3 بالغ افراد جل کر جان کی بازی ہار گئے تھے۔ برطانوی ہائی کمیشن کے بیان کے مطابق پاکستانی اور برطانوی اداروں نے شاہد محمد کوراولپنڈی سے 22جنوری 2015کو گرفتار کیا، لیڈز مجسٹریٹس کورٹ کل صبح شاہدپرقتل کے الزام میں فرد جرم عائد کرےگی۔ وا ضح رہے کہ گزشتہ دس سالوں کے دوران پاکستا ن دوسری مرتبہ ایک مطلوب ملزم کو برطانیہ کے حوالے کیا ہے اس سے قبل مئی 2016 میں محمد زبیر کو حوالے کیا گیا تھا جسے2017میں بریڈ فورڈ کے کروان کورٹ نے قتل کے جرم میں قصور وار قرار دیا تھا۔