کراچی (رپورٹ : راؤ افنان) جامعہ کراچی کے 29 سے زائد گھروں پر سابق اساتذہ، افسران و ملازمین نہ صرف قابض ہیں، بلکہ ان گھروں کی کیٹگری غیر قانونی طور پر تبدیل کرکے 500 گز سے زائد تجاوزات بھی قائم کرلی گئی ہیں، جن کیخلاف جامعہ انتظامیہ تاحال کوئی کارروائی کرنے میں ناکام ہے، کیٹگریز تبدیل ہونے سے طوی عرصےسے مکان الاٹمنٹ کے منتظر اہل درخواست گزاروں کی حق تلفی ہورہی ہے، دوسری جانب 416مکانات پر بجلی و گیس کے میٹر تاحال نصب نہ ہونے سے جامعہ کے مالی بحران میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی کے 2 درجن سے زائد گھروں پر غیر قانونی طور پر اساتذہ، افسران و ملازمین براجمان ہیں، جن میں شیخ الجامعہ سندھ یونیورسٹی فتح محمد برفت بھی شامل ہیں۔ جامعہ کے اسٹیٹ آفس کی جانب سے 416گھروں کے حوالے سے تیار تفصیلی فہرست کے مطابق جامعہ کراچی میں کل 416گھر ہیں، جن میں A کیٹگری کے 13،Bکیٹگری کے 33،Cکیٹگری کے 105،DDکیٹگری کے 31،D singleکیٹگری کے 25،Eکیٹگری کے 84،Fکیٹگری کے 78اور G کیٹگری کے 29 گھروں کے علاوہ 6 اولڈ ٹیچرز فلیٹ اور 12 نیو فلیٹ شامل ہیں۔ 15سو گز پر مشتمل Aکیٹگری کے مکان نمبر A-5 میں سندھ یونیورسٹی کے وائر چانسلر ڈاکٹر فتح محمد برفت تاحال مقیم ہیں۔ اسٹیٹ آفس کے ریکارڈ کے مطابق 920 گز پر مشتمل Bکٹیگری کے 11سے زائد گھروں کو غیر قانونی طور پر ماضی میں انتظامیہ کی ملی بھگت سے Aکٹیگری میں تبدیل کیا گیا تھا ،جبکہ 11گھروں مکان نمبر B-7,B-8,،B-10 ، B-17، B-19، B-20، B-25، B-27 B-28،B-16 میں ایک سال سے زائد عرصہ پہلے ریٹائر ہونیوالے اساتذہ و افسران نے غیر قانونی طور پر رہائش اختیار کی ہوئی ہے۔ اسی طرح 584گز پر مشتمل Cکیٹگری کے 18گھروں کو غیر قانونی طور پر Bکٹیگری میں تبدیل کیا گیا ہے جبکہ 7 گھروں مکان نمبرC-1، C-2، C-5،C-20، C-59،C-90، C-105 میں تاحال سابق اساتذہ و افسران رہائش پزیر ہیں۔ اسی طرح 307گز پر مشتمل DDکٹیگری کے 5مکانوں مکان نمبر DD-2، DD-14، D-18، SD-32، SD-41 پر قبضہ ہے، جبکہ 90گز پر مشتمل Eکٹیگری کے 7گھروں پر قبضہ ہے، جن میں مکان نمبر E-42،E-68، E-69، E-72،E-82 شامل ہیں۔ اسی طرح 60گز پر مشتمل Fکٹیگری کے 4گھروں مکان نمبر F-27، F-49، F-63اور F-68پر قبضہ ہے۔ معلوم ہوا کہ جامعہ انتظامیہ نے غیر قانونی طور پر رہائش پذیر اساتذہ، افسران و ملازمین کو نوٹس جاری تو کئے ہیں ،تاہم غیر قانونی طور پر گھروں کی کیٹیگری تبدیل کرنے والے اور تجاوزات قائم کرنے والے اساتذہ، افسران و ملازمین کیخلاف تاحال کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔ اس حوالے سے رجسٹرارجامعہ پروفیسر ڈاکٹر ماجد ممتاز سے رابطہ کرنے کی کوشش کی ،تاہم رابطہ نہ ہوسکا۔