گلشن اقبال میں فائرنگ سے کار سوار جاں بحق۔ملزمان فرار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گلشن اقبال میں فائرنگ کے نتیجے میں کار سوار جاں بحق ہوگیا، سرجانی اور سائٹ سپر ہائی وے میں فائرنگ کے واقعات میں 2 افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق عزیز بھٹی کے علاقے گلشن اقبال بلاک 10 حکیم سعید پارک کے عقب میں موٹر سائیکل سوار ملزمان نے کار پر اندھا دھند فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے، فائرنگ کے نتیجے میں کار میں سوار 35سالہ ارشاد جاں بحق ہوگیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کیلئے قریبی اسپتال پہنچایا۔ ایس ایچ او راؤ ناظم نے امت کو بتایا کہ مقتول کا تعلق پارہ چنار سے تھا اور وہ نجی بینک کے چیف منیجر عباس کا فیملی ڈرائیور تھا اور کسی کام کے سلسلے میں کار لے کر گیا تھا کہ نامعلوم ملزمان نے اسے مار دیا، ملزمان نے واردات میں 30 بور پستول کا استعمال کیا ہے۔ سرجانی ٹاؤن میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 40سالہ عرفان ولد شوکت زخمی ہوگیا۔ سائٹ سپر ہائی وے کے علاقے جمالی پل کے قریب مسلح ملزمان کی فائرنگ سے 48سالہ عبدالرشید ولد غلام نبی زخمی ہو گیا۔

Comments (0)
Add Comment