اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) نارروال اسپورٹس سٹی منصوبے کے قبل ازوقت افتتاح کی تقریب میں بھی کرپشن، ایک ڈپٹی ڈی جی افتتاحی تقریب کے نام پر پی ایس بی کو چونا لگا گئے۔ ذرائع کے مطابق پی ایس بی کے ڈپٹی ڈی جی ایڈمن منصور علی خان نے صدر مملکت کے ہاتھوں نامکمل نارووال اسپورٹس سٹی کے افتتاح کی تقریب کے نام پر پی ایس بی سے بھاری رقم جاری کروائی، حالانکہ اس تقریب کے سارے انتظامات نارووال کی ضلعی انتظامیہ نے کیے تھے۔ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے منصور علی خان کو پی ایس بی میں مستقل افسر کے طور پر ضم کیا گیا ہے، حالانکہ وہ پنجاب حکومت کے ملازم ہیں۔ اس حوالے سے ’’امت‘‘ نے بار ہا منصور علی خان سے رابطہ کرنے کی کوشش کی، انہیں واٹس ایپ پر تحریری سوالات بھی بھجوائے، لیکن سوالات دیکھنے کے باوجود انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔