مکی آرتھر سرفرازاور حفیظ کی مخالفت پر اتر آئے

لاہور(امت نیوز)پاکستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی مخالفت کے باوجود قومی سلیکشن کمیٹی اور کپتان سرفراز احمد کی کوششوں نے ٹیسٹ اوپنر محمد حفیظ کو آسٹریلیا کیخلاف سیریز کیلئے 18ویں کھلاڑی کی حیثیت سے پاکستان ٹیم میں شامل کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔بظاہر ایسا لگ رہا کہ مکی آرتھر کا سخت گیر موقف ان کے لئے مشکلات پیدا کررہا ہے۔تاہم اب یہ مطالبہ زور پکڑ رہا ہے کہ دو ٹیسٹ کیلئے 18کھلاڑی زیادہ ہیں۔ان فٹ اور آٹ آف فارم کھلاڑیوں کو پاکستان واپس بھیجنے کی تجویز ہے۔ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر محمد حفیظ کو ٹیم میں شامل کرنے کے حق میں نہیں تھے تاہم قائد اعظم ٹرافی میں سوئی ناردرن گیس کی جانب سے حفیظ نے پشاور کیخلاف ڈبل سنچری بناکر اپنا کیس مضبوط کیاجس کے بعد انضمام الحق اور سرفراز احمد نے ہیڈ کوچ کو قائل کرکے دو سال بعد محمد حفیظ کو ٹیسٹ ٹیم میں شامل کرایا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر بار بار یہ بھی کہتے رہے کہ حفیظ جیسے ہی بالنگ کریگا انکا ایکشن رپورٹ ہوجائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یاسر شاہ کے ساتھ دوسرے لیگ سپنر شاداب خان مکمل فٹ نہیں ہیں۔مکی آرتھر اتوار سے شروع ہونیوالے ٹیسٹ کیلئے یاسر شاہ کے ساتھ شاداب خان کو کھلانا چاہتے ہیں۔
٭٭٭٭٭

Comments (0)
Add Comment