کراچی(اسٹاف رپورٹر)گینگ وار کے سرغنہ غفار ذکری کی ہلاکت کے بعد جمرات کو لیاری میں مجموعی طور پر حالات مکمل طور پر کنٹرول میں رہے۔صرف یوسی 8 کے چند علاقوں میں خوف وہراس کا ماحول رہا، جہاں غفار ذکری کی رہائش ہے، لیکن قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے اس علاقے میں بھی مکمل کنٹرول سنبھالا ہوا تھا، جس کی وجہ سے پورے لیاری میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔واضح رہے کہ سابق دور میں گینگ وار کا معمولی کارندہ بھی مارا جاتا تھا، تو پورے لیاری میں کرفیو کا سماں ہوتا تھا۔ لیاری کے تمام مارکیٹ ، بازار کاروبار ٹرانسپورٹ اسلحہ کے زور پر بند کرائے جاتے تھے۔گولیوں کی گھن گرج سنائی دیتی تھی۔لیاری کے رہائشی گھروں میں محصور ہوتے تھے، لیکن اس بار غفار ذکری کی ہلاکت کے باوجود حالات پرسکون رہے۔لیاری میں کاروبار زندگی معمول کے مطابق چلتا رہا۔عوام نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھرپور تعاون کیا۔