بنی گالہ میں غیر قانونی تعمیرات پر 400مالکان کو نوٹس جاری

اسلام آباد(ناصرعباسی)وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے) انتظامیہ نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی رہائش گاہ سمیت (زون 4) بنی گالہ میں غیر قانونی تعمیرات پر 400سے زائد تجارتی و رہائشی عمارات کو نوٹسسز جاری کردئے ہیں،جاری نوٹسسز میں تمام غیرقانونی تعمیرات کو 2ہفتوں میں ریگولراز کرانے کی ہدایات کی گئیں ہیں ۔مذکورہ نوٹسسز سی ڈی اے آرڈینس 1960کی دفعات 46اور (1)49_c،آئی سی ٹی زوننگ ریگولیشنز 1992(ترمیمی)اوراسلام آباد ریزیڈنشل سیکٹر(بلڈنگ کنٹرول)زوننگ ریگولیشنز 2005کے تحت جاری کئے گئے ہیں۔ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول ون(بی سی ایس)نے وزیر اعظم کی رہائش گاہ کو نوٹس جاری کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اگرمذکورہ غیر قانونی تعمیرات کو ”ریگولرائز”نہیں کروایاگیاتو مذکورہ عمارتوں کو مسمار کردیاجائے گا۔تفصیلات کے مطابق سپریم کو ٹ کے احکامات پر وفاقی ترقیاتی ادارہ(سی ڈی اے )کے شعبہ بلڈنگ کنٹرول ون (بی سی ایس)کے ڈائریکٹر منظورحسین شاہ نے گزشتہ روز زون (4)موضع موہڑہ نور (بنی گالہ)میں وزیر اعظم عمران خان کے گھر کو غیر قانونی تعمیرات پر نوٹس جاری کردیا ہے ۔نوٹس جاری کرنے والی ٹیمیں دن دو بجے بنی گالہ موقع پر پہنچی تاہم وزیر اعظم کے گھر سے سٹاف نے نوٹس وصول کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ سی ڈی اے انتظامیہ پہلے وزیر اعظم کے سکیورٹی اسٹاف سے تحریری طور پر اجازت طلب کرے تاہم وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے اپنے سٹاف کو مذکورہ نوٹس وصول کرنی کی زبانی ہدایات کے بعد ان کے گھر کے اسٹاف آفیسر نعمت اللہ خان نے مذکورہ نوٹس وصول کرلیا ۔دوسری جانب بی سی ایس انتظامیہ نے بنی گالہ میں چار سوسے زائد کمرشل و رہائشی عمارتوں کے مالکان کو بھی غیر قانونی تعمیرات کو2ہفتوں میں ریگولرائز رانے اورغیر قانونی تعمیرات کو ازخود ختم کرنے کیلئے نوٹسسز جاری کردئے ہیں جبکہ نوٹسسز وصول نہ کرنے والے مالکان کے گھروں ،دوکانوں ،تجارتی مراکزاورعمارتوں پر ان کے نوٹسسز آویزاں کردئیے گئے ۔ا س موقع پر ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول منظور حسین شاہ ،ڈائریکٹر ریجنل پلاننگ ارشد چوہان ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ز ،ڈپٹی ڈائریکٹرز ،ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر موجود تھی۔ذرائع کے مطابق بنی گالہ میں وزیر اعظم عمران خان کی رہائش گاہ سے متصل زو کم بوٹینکل گارڈن کی قیمتی سرکاری اراضی کے بڑے حصے پر محکمہ مال اور ضلعی انتظامیہ کی ملی بھگت سے لینڈ مافیاقبضہ کرکے اسے فروخت کرچکا ہے اور اس اراضی پر ہاؤسنگ سوسائٹیز قائم کی جاچکی ہیں جبکہ سابقہ مایہ ناز کرکٹرز وسیم اکرم کو فروخت کئے گئے پلاٹ کا آدھا حصہ سرکاری اراضی پر مشتمل ہے۔

Comments (0)
Add Comment