کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) کسٹم حکام نے نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے مقدمے میں سابق لیگی سینیٹر سیف الرحمن کی کمپنی ریڈکو کے جنرل منیجر عرفان صدیقی کو گرفتار کرلیا ہے حکام نے دو روز قبل سیف الرحمن سمیت 6 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا ۔ یہ مقدمہ ریڈکو کے گودام سے ملنے والی غیر قانونی گاڑیوں پر درج کیا گیا تھا ۔ مقدمے میں قطری سفارت خانہ کا حوالہ بھی موجود ہے واضح رہے کہ قطری سفارتخانہ نے برآمد ہونیوالی گاڑیوں کو اپنی قرار دیا تھا تاہم کسٹم حکام کے مطابق سفارتخانہ کوئی دستاویز پیش کرنے میں ناکام رہا دوسری طرف قطری سفارتخانے کے نام پر لائی گئی مزید 257 گاڑیوں کی برآمدگی کے لئے کوششیں تیز کردی گئیں ہیں اس حوالے سے چاروں صوبوں کے آئی جیز کو خطوط لکھے گئے ہیں جن میں کہاگیا ہے ان غیر قانونی گاڑیوں کے تلاش اور برآمدگی کے لئے تعاون کیاجائے ۔