لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) لاہور میں ن لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق کی ریلی میں ن لیگی اور پی ٹی آئی کارکنوں میں لفظی تصادم ہاتھا پائی تک پہنچ گیا۔ ن لیگی ریلی پر فائرنگ سے سعد رفیق کا بھتیجا زخمی ہوگیا۔ضمنی انتخاب کے موقع پر لاہور کے علاقے امر سدھو میں مسلم لیگ ن کے رہنما سعد رفیق کی کارنر میٹنگ کے اختتام پر علاقہ جنگ کا میدان بن گیا، جہاں ن لیگی اور پی ٹی آئی کارکنوں میں تصادم ہاتھا پائی فائرنگ تک جا پہنچا۔ واقعہ اس وقت پیش آیاجب سعد رفیق کارنر میٹنگ کے بعد واپس جا رہے تھے۔ن لیگی کارکنوں نے الزام عائد کیا کہ ریلی پر فائرنگ پی ٹی آئی کارکنوں نے کی، جس سے سعد رفیق کا بھتیجا زخمی ہوا۔تصادم میں کارکنوں نے ڈنڈوں کا آزادانہ استعمال اور فائرنگ بھی کی۔ ن لیگی کارکنان پر مبینہ طور پر پی ٹی آئی کے کارکنوں کے حملے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔ تصادم میں ن لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق کے بھی زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ واقعہ کے دونوں جانب سے کارکنان نے حملے کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست دیدی۔ تحریک انصاف نے درخواست میں خواجہ سعد رفیق کو بھی نامزد کیا ہے۔دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی میڈیکل رپورٹ کے بعد قانونی کارروائی کرکے مقدمہ درج کیا جائیگا۔