ترقیاتی کام-احتجاج کے باعث صدرسمیت اہم سڑکوں پر ٹریفک جام

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ترقیاتی کام کیلئے ایم اے جناح روڈ کا ایک ٹریک بند ہونے اور پیپلز سیکرٹریٹ کے قریب مظاہرے کے باعث بد ترین ٹریفک جام ہوگیا، ہزاروں گاڑیاں کئی گھنٹوں تک پھنسی رہیں، ایمبولینس ڈرائیور بھی سائرن بجا کر لوگوں کو راستہ دینے کی اپیل کرتے رہے، صدر سمیت دیگر علاقوں میں بدترین ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق ایم اے جناح روڈ پر گرین لائن بس منصوبے کے کام کے باعث ایک ٹریک بند کردیا گیا، جس کے باعث شام کے اوقات میں متبادل روٹس پر گاڑیوں کے رش کے باعث ٹریفک نظام بری طرح متاثر ہوا۔ ایم اے جناح روڈ پر ٹریفک جام کے باعث میں آئی آئی چندریگر روڈ، ایمپریس مارکیٹ، عبداللہ حسین ہارون روڈ ،میٹروپول ہوٹل ،شارع فیصل اور دیگر شاہراہوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ ٹریفک جام میں مختلف فلاحی اداروں کی ایمبولینسز بھی پھنس گئیں، ایمبولینس ڈرائیور باربار سائرن بجا کر راستہ دینے کی اپیل کرتے رہے ، تاہم ایمبولینسیں بھی پھنسی رہیں، شہریوں نے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کیا ، ٹریفک بحال کرانے کیلئے کوئی پولیس اہلکار نظر نہیں آیا، شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ایمبولنسوں کو ٹریفک جام سے نکالا۔ دوسری جانب مارٹن کوارٹر کے رہائشیوں نے پیپلز سیکرٹریٹ کے قریب مظاہرہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہمیں بے دخل کیا گیا تو ہم کہاں جائیں گے۔ احتجاج کے باعث نیو ایم اے جناح روڈ، پریڈی اسٹریٹ، جمشید کوارٹرز اور اطراف کی سڑکوں پر بد ترین ٹریفک جام ہوگیا۔

Comments (0)
Add Comment