سانحہ اے پی ایس کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنانے کاحکم

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )سپریم کورٹ نے سانحہ آرمی پبلک اسکول کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کے قیام کا حکم دیتے ہوئے پشاور ہائی کورٹ سے کہاہے کہ سینئر جج پر مشتمل کمیشن بنائیں جو 6 ہفتے میں تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ جمع کروائے ۔عدالت نے یہ حکم جمعہ کے روزدیاہے ۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3رکنی بینچ نے سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور پر لیے گئے ازخود نوٹس کی سماعت کی۔ لواحقین کی جانب سے اجون خان ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔چیف جسٹس نے کہا کہ میں لواحقین سے معذرت خواہ ہوں کہ میں نے کمیشن کے قیام کا زبانی حکم جاری کیا لیکن تحریری حکم جاری نہ کر سکا، اس وقت صورتحال ایسی تھی کہ پشاور بینچ ٹوٹ گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ میں آپ کے سامنے ابھی کمیشن کی تشکیل کا حکم جاری کرتا ہوں جس میں تاخیر نہیں ہوگی۔چیف جسٹس نے لواحقین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم آپ کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور آپ کو انصاف ملے گاجبکہ میں خود16اکتوبر کواے پی ایس پشاور کا دورہ کروں گا۔عدالت نے کمیشن کی تشکیل کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ سینئر جج پر مشتمل کمیشن بنائیں جو6 ہفتے میں تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ جمع کروائے۔

Comments (0)
Add Comment