لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی بدترین انتقام کی ذمہ دار ہے، آج جو سلوک وہ مخالفین کے ساتھ روا رکھیں گے کل اس کے لیے انہیں تیار رہنا چاہیے۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی گرفتاری پر ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی گرفتاری نہ صرف افسوس ناک ہے بلکہ مضحکہ خیز ہے، بحیثیت وزیرِاعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے خدمت، امانت و دیانت کی شاندار مثال قائم کی، جس کی نہ صرف پاکستانی عوام معترف ہے بلکہ غیر ملکی حکومتوں اور عالمی اداروں نے بھی شہباز شریف کی خدمات کا اعتراف کیا۔ نواز شریف نے کہا کہ حکومت اپنی نااہلی کا ملبہ شہباز شریف پر نہ ڈالے، سب جانتے ہیں کہ پی ٹی آئی حکومت اس بدترین انتقام کی ذمہ دار ہے، آج جو سلوک وہ مخالفین کے ساتھ روا رکھیں گے کل اس کے لیے انہیں تیار رہنا چاہیے اور یہی نظام قدرت ہے۔