مہمند ایجنسی میں قاتلوں کے گھر مسمارکرنے پر54گرفتار

مہمندایجنسی (بیورو رپورٹ)تحصیل صافی میں گذشتہ روز مقامی لوگوں کی لشکر کشی اور قتل کے معاملے میں ملوث حاجی سپین خان کے خاندان کے تین گھروں کی مسماری کے بعد مقامی انتظامیہ نے ساگی بالا کے خلاف کریک ڈاون کرکے ساگی بالا اور ساگی پایان کے54 افراد گرفتار کرلئے۔ ذرائع کے مطابق گرفتار افراد میں خاصہ دار فورس کے اہلکار بھی شامل ہیں۔تمام افراد کو غلنئی حوالات منتقل کر دیاگیا۔ ساگی بالا میں صبح سے کرفیو نافذ تھا۔ کسی کو بھی اپنے گھر سے باہر جانے کی اجازت نہیں تھی۔ سہ پہر کو ڈپٹی کمشنر مہمند واصف سعید اور کمانڈنٹ مہمند رائفلز اور سکیورٹی حکام نے ساگی میں مقامی عمائدین کے ساتھ جرگہ کیا اور ان پر زور دیا کہ امن کے قیام میں حکومت کے ساتھ تعاون کریں اور اس طرح کے واقعات میں شرپسندوں کا ساتھ نہ دیں۔ ذرائع کے مطابق انتظامیہ نے مقامی عمائدین کو35 افراد کی لسٹ عمائدین کے حوالہ کر دی جو اس واقعہ میں مطلوب تھے جس میں 23 افراد ساگئی بالا اور 12 افراد ساگی پایان کے شامل تھے۔عمائدین نے حکومت کے ساتھ تعاون کر کے ساگی بالا سے 25 اور ساگی پایان سے 12 افراد حوالہ کئے۔علاقے میں واقعہ کے بعد حالات کشیدہ ہیں۔

Comments (0)
Add Comment