نواز شریف کی شہباز سے ملاقات کی درخواست مسترد

لاہور(امت نیوز)قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی ان کے بھائی شہباز شریف سے ملاقات کی درخواست مسترد کر دی۔ذرائع کے مطابق نواز شریف نے آشیانہ ہائوسنگ سوسائٹی کیس میں گرفتار اپنے بھائی سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور موجودہ قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے ملنے کیلئے غیر رسمی درخواست کی تھی۔ذرائع کے مطابق درخواست منظور ہو جاتی تو نواز شریف، مریم نواز اور خاندان کے دیگر افراد شہباز شریف سے ملاقات کرتے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی قانونی ٹیم شہباز شریف سے ملاقات کے لیے نیب سے رابطہ کرے گی۔خیال رہے کہ نیب آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم، صاف پانی کیس، اور اربوں روپے کے گھپلوں کی تحقیقات کر رہا ہے، جس میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سمیت دیگر نامزد ہیں۔نیب ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ شہباز شریف کو لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے سابق ڈی جی فواد حسن فواد کے بیان کے بعد گرفتار کیا گیا ہے۔

Comments (0)
Add Comment