کراچی(اسٹاف رپورٹر) شہر قائد میں بچوں کے بڑھتے اغواءکے واقعات پر سندھ پولیس نے قواعد و ضوابط جاری کر دیئے، جس کے تحت ہر ضلع کے اعلیٰ افسر کو بچوں کے اغواءکا فوکل پرسن مقرر کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس کے جاری کردہ لیٹر کے مطابق بچوں کے اغواءکے سلسلے میں بنائے گئے ایس او پی کا خاص خیال رکھا جائے، ایس او پی کے تحت کسی بھی معصوم بچے اور بچی کے اغواءکی اطلاع ملتے ہی فورا مقدمہ درج کیا جائے، غفلت اور تاخیر نہ کی جائے، پولیس افسران بچے کے والدین سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں گے اور روزانہ والدین کو فالو اپ سے بھی آگاہ کریں گے، تفتیشی افسر فورا گواہوں اور مشتبہ افراد کے بیانات ریکارڈ کرے گا، مقدمہ درج ہوتے ہی علاقہ کے ایس ایچ او اور تفتیشی افسر کو جائے وقوعہ پر پہنچنا ہوگا، بچے سے متعلق علاقے کی مساجد سے اعلان کروانا بھی ایس ایچ او کی ذمہ داری ہوگی۔