اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)حساس اداروں نے پاکستان اسپورٹس بورڈ(پی ایس بی) کے سابق ڈی جی ڈاکٹر اختر نواز گنجیرا کے اثاثوں کی چھان بین شروع کر دی ہے، جبکہ دوسری جانب قومی احتساب بیورو(نیب) نے ڈاکٹر اختر کے خلاف جاری کرپشن کے الزامات کی تحقیقات تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور آئندہ ہفتے اس کیس میں اہم پیش رفت متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق اختر گنجیرا پہلے بھی حساس اداروں کے راڈار پر موجود رہےہیں جب 2016 میں ان کے بھارتی ہائی کمیشن کے فرسٹ سیکرٹری سے روابط کا انکشاف ہوا تھا۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر اختر گنجیرا اور بھارتی سفارتکار کے مابین ٹیلی فونک رابطہ موجود رہا ۔ مذکورہ سفارتکار کو نومبر 2016 میں دیگر دو بھارتی سفارتکاروں کے ہمراہ ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر ملک بدر کر دیا گیا تھا۔ دوسری جانب نیب نے بھی ڈاکٹر اختر گنجیرا کے خلاف تحقیقات تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور آئندہ ہفتے اس کیس میں اہم پیش رفت کا امکان ہے۔ یاد رہے رواں برس فروری میں نیب نے سابق وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ اور اختر گنجیرا کے خلاف کرپشن کے الزامات میں تحقیقات شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے علاوہ نیب میں نارووال اسپورٹس سٹی منصوبے میں کرپشن اور منصوبے کے حوالے سے سکیورٹی رسک کی تحقیقات بھی جاری ہیں، جس میں سابق وفاقی وزیر احسن اقبال کا نام بھی شامل ہے۔