کراچی (اسٹاف رپورٹر) شیرشاہ پنکھا ہوٹل کے قریب گودام میں لگنے والی آگ پر8 گھنٹے بعد قابو پایا گیا۔ آگ بجھانے کیلئے گودام کی دیوارگرانا پڑی۔ تپش اور دھویں کے باعث علاقہ مکین گھر چھوڑ کر رشتے داروں کے ہاں چلے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق شیرشاہ کباڑ مارکیٹ کے سامنے گلی نمبر 12 میں قائم گودام میں ہفتے کی شب پراسرار طور پر آگ بھڑک اٹھی ، اطلاع ملنے پر فائربریگیڈ کی گاڑی نے آدھے گھنٹے کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ تاہم کچھ ہی دیر بعد آگ دوبارہ بھڑک اٹھی جو دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر گئی۔جس پر فائر بریگیڈ کا عملہ 3 گاڑیوں کے ہمراہ موقع پر پہنچا تا ہم آگ کی شدت دیکھتے ہوئے مزید گاڑیا ں طلب کی گئیں فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ پر قابو پانے کے لیے 11 گاڑیوں نے حصہ لیاتاہم دھویں کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، ذرائع کے مطابق متاثرہ گودام میں فائر سیفٹی آلات، ربڑ کے پائپ اور جہاز رانی میں استعمال ہونے والا رنگ اور کیمیکل رکھا ہوا تھا، فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ پر قابو پانے کے لیے گودام کی دیوار کو گرانا پڑا۔آگ بجھانے کے لیے ائیر فورس کے دو فائر ٹینڈر بھی موقع پر پہنچیں جس نے آگ بجھانے میں بھرپور حصہ لیا، تاہم کے ایم سی فائر بریگیڈ حکام نے ائیر فورس کی مدد سے لاعلمی کا اظہار کیا،آگ بجھانےکیلئے درجنوں واٹر ٹینکر بھی موجود تھے۔ تپش اور دھویں کے باعث قریبی عمارتوں کے رہائشی اپنے رشتے داروں کے ہاں چلے گئے، علاقہ مکینوں نے بتایا کہ گودام وں کے مالکان نے مٹی کے تیل اور وارنش کے زیر زمین ٹینک بنائے ہوئے ہیں اگر آگ ان تک پہنچ جاتی تو علاقے میں بڑی تباہی آسکتی تھی، آگ لگتے ہی ان فیکٹریوں کے مالکان کام بند کر کے فرار ہو گئے تھے۔علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ غیر قانونی گودام رہائشی علاقوں سے ختم کرائے جائیں ۔