کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان مخالف افغان رہنماؤں سے قریبی روابط رکھنے والے پشتونخوامیپ کے سربراہ محمودخان اچکزئی نے پارٹی کارکنوں سے کہا ہے کہ وہ پاکستانی شہریت کے ساتھ ساتھ افغانستان کی بھی شہریت حاصل کرلیں۔ کوئٹہ میں سات اکتوبر 1991 کو ہلاک ہونے والے پارٹی کارکنوں کی برسی سے خطاب کر تے ہوئے انہوں نے سوال اٹھایا کہ لاکھوں پاکستانی دوسرے ملکوں کی دہری شہریت اور پاسپورٹ رکھتے ہیں تو پاکستان کے پشتون افغان پاسپورٹ کیوں حاصل نہیں کرسکتے۔خود اپنے بارے میں ان کا کہنا تھا: ’میں سیاست کررہا ہوں، خود بھی (افغان پاسپورٹ) بنوانا چاہتا ہوں، لیکن نہیں بنوا سکتا۔ آپ میں سے جو بھی انتخابات میں حصہ نہیں لیتے، وہ سب افغانستان کا پاسپورٹ بنوائیں۔محمود خان اچکزئی اس سے قبل بھی متنازعہ بیانات دیتے رہے ہیں جن پر محب وطن حلقوں کو تشویش ہوئی۔کچھ عرصہ قبل انھوں نے ایک بیان میں کہا تھا کہ پاکستان میں مقیم افغان پناہ گزین خیبر پختون اور بلوچستان میں اپنی سرزمین پر رہ رہے ہیں اس لیے اُنھیں بلاجواز تنگ نہ کیا جائے۔اچکزئی کا دعوی ہے کہ پاکستان اور افغانستان میں بسنے والے پشتون ایک قوم ہیں، اور پاکستان بننے سے پہلے بھی وہ اپنی ہی سرزمیں پر آباد تھے۔