لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے نیب حراست میں رات دیر تک ٹہلتے ہوئے گزاری۔گھر سے نیب آفس میں ناشتہ بھجوایا گیا،شہباز شریف کی صبح کو ہوا خوری کی درخواست نیب حکام نے مسترکر دی،تفصیلات کے مطابق آشیانہ ہاؤسنگ کرپشن کیس میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیرِاعلیٰ پنجاب شہبازشریف 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر قومی احتساب بیورو (نیب) کی تحویل میں ہیں۔ ذرائع کے مطابق شہبازشریف نے نیب حراست میں دوسری رات دیر تک جاگتے ہوئے گزاری۔شہبازشریف حوالات میں ٹہلتے رہے اور سادہ کھانے پر ہی اکتفا کیا۔ نیب کی طبی ٹیم نے (ن) کے صدر کا شوگر لیول اور بلڈ پریشر چیک کیا اور شہبازشریف کی صحت کو تسلی بخش قرار دیا۔ شہبازشریف نے صبح اٹھ کر تازہ ہوا میں جانے کی درخواست کی جسے منظور نہیں کیا گیا۔ گھر سے نیب آفس میں ناشتہ بھجوایا گیا، ناشتے کے ساتھ کپڑے اور دیگر ضروری سامان بھی شامل تھا۔ گھر سے بھیجے گئے ناشتے کو چیک کرنے کے بعد شہبازشریف تک پہنچایا گیا جس میں ابلے ہوئے انڈے، چائے اور سینڈوچ شامل ہیں۔