اسلام آباد(بیورورپورٹ/مانیٹرنگ ڈیسک)افغان حکومت کی جانب سے سیکورٹی فراہمی اور معاملات میں مداخلت نہ کرنے کی یقین دہانی پر پاکستان نے جلال آباد میں بند کیا گیا قونصل خانہ آج سے کھولنے کا اعلان کردیا ہے،دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ افغانستان کے شہر جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانہ آج (8 اکتوبر) سے دوبارہ کام شروع کردے گا۔ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق قونصل خانہ افغان حکومت کی جانب سے تحفظ کی یقین دہانی کے بعد کھولا جارہا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے حالیہ دورہ کابل کے دوران بھی قونصل خانے کی بندش کا معاملہ زیر بحث آیا تھا۔ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ جلال آباد قونصل خانے میں آج (8 اکتوبر) سے ویزا آپریشن دوبارہ شروع کردیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جلال آباد اور اس کے اطراف رہنے والے آج سے ویزے کے لیے قونصل خانہ میں درخواست دے سکتے ہیں۔