فلسطینی مزدور نے 2 یہودی قابضین مار دیئے – فوج سے جھڑپیں

مقبوضہ بیت المقدس (امت نیوز) مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی مزدور نے فائرنگ کرکے 2 قابض یہودی آباد کار مار دیئے جبکہ ایک خاتون زخمی ہوگئی، واقعے کے بعد اسرائیلی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن کی آڑ میں علاقے کا محاصرہ کرکے فلسطینیوں کی نقل و حرکت پر پابندی لگا دی، جس کے نتیجے میں فلسطینیوں اور قابض فوجیوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، جس میں گئی فلسطینی زخمی ہوئے۔ عالمی میڈیا کے مطابق واقعہ انڈسٹریل زون میں غیر قانونی آباد کاری والے علاقے ایریل میں پیش آیا، جہاں ایک مسلح شخص نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 30 سالہ یہودی خاتون اور مرد ہلاک ہوگیا جبکہ گولی لگنے سے ایک اور 54 سالہ خاتون زخمی بھی ہوئی۔ پولیس نے مبینہ ملزم کی شناخت بتاتے ہوئے کہا کہ 23 سالہ فلسطینی اشرف ولید سلیمان نے فائرنگ کی، ملزم اسی فیکٹری میں کام کرتا تھا، جہاں قتل کی واردات ہوئی۔ اسرائیلی سیکورٹی حکام نے بارکان فیکٹری کا دورہ کرکے وہاں موجود مزدوروں سے تفتیش بھی کی۔ ادھر فلسطینی نیوز ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج نے علاقے کا محاصرہ کرکے میں آپریشن کیا اور اشرف ولید کا گھر مسمار کرتے ہوئے اسکے بھائی سمیت متعدد مشتبہ افراد کو گرفتا کرلیا، اس موقع پر فلسطینیوں کی آمدو رفت پر پابندی عائد کی گئی تھی، تاہم اس کے باوجود نوجوانوں نے اسرائیلی فورسز کی بکتر بند گاڑیوں پر پتھراؤ کیا اور ان کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کرکے انہیں آگے نہیں آنے دیا۔

Comments (0)
Add Comment