کراچی(امت نیوز) پی ایس ایل کے نئے پروجیکٹ ڈائریکٹر کا تقرر ہو گا جب کہ نائلہ بھٹی نے پی سی بی کو چھوڑنے کا ذہن بنا لیا۔سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے اپنی قریبی شخصیت نائلہ بھٹی کو ڈائریکٹر مارکیٹنگ کے ساتھ پی ایس ایل کا پروجیکٹ ڈائریکٹر بھی مقرر کر دیا تھا، ان کے دور میں وہ بھرپور اختیارات کی مالک تھیں، نجم سیٹھی کے جانے پر نائلہ بھٹی چھٹیوں پر چلی گئیں مگر چند روز بعد دوبارہ کام شروع کر دیا۔ذرائع کے مطابق وہ اب بورڈ میں خود کو زیادہ آرام دہ محسوس نہیں کر رہیں اور عہدہ چھوڑنے کا ذہن بنا چکی ہیں، نئے چیئرمین احسان مانی نے ان سمیت تمام ملازمین کو یقین دلایا تھا کہ وہ کسی کو انتقامی کارروائی کا نشانہ نہیں بنائیں گے، اب تک انھوں نے حقیقتاً ایسا ہی کیا ہے، سابقہ بورڈ چیف کی تمام قریبی شخصیات بورڈ میں برقرار ہیں۔ذرائع کے مطابق اعلیٰ حکام اس بات سے واقف ہیں۔