لاہور(امت نیوز)پاکستان فٹبال ٹیم کی درجہ بندی میں بہتری آنے لگی ہے۔پانچ درجہ ترقی پاکر 198 نمبر پر آگیا ہے۔ پاکستان فٹبال فیڈریشن نے فلسطینی فٹبال ٹیم کو دورہ پاکستان کی دعوت دے دی۔ذرائع کے مطابق پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے خط کے ذریعے فلسطینی ٹیم سے پاکستان آنے کی درخواست کی ہے، دعوت قبول کرنے کی صورت میں فلسطین کی فٹبال ٹیم 15 نومبر کو لاہور میں ایک میچ کھیلے گی۔اس سے قبل فلسطین فٹبال ٹیم نے 2011 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا، مہمان ٹیم نے میزبان سائیڈ کے خلاف 2 میچز کی سیریز کراچی اور لاہور میں کھیلی تھی۔ جوابی دورے میں پاکستان نے بھی فلسطین کا دورہ کیا تھا۔قومی فٹ بال ٹیم کو انٹرنیشنل ایونٹس میں کامیابیوں کا صلہ مل گیا، فیفا کی ورلڈ رینکنگ میں پاکستان 203نمبر کی پوزیشن سے 198 نمبر پر آگیا ۔فیفا کی طرف سے جاری عالمی رینکنگ میں بیلجیم کا 17.29پوائنٹس کے ساتھ حکمرانی قائم ہے، فرانس 1729.12پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور برازیل کی ٹیم1657 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے، اسی طرح کروشیا چوتھے، یوراگوئے پانچویں، انگلینڈ چھٹے، پرتگال ساتویں، سوئٹزر لینڈ آٹھویں، اسپین نویں اور ڈنمارک دسویں نمبر پر ہے۔ ایشین گیمز میں پاکستانی ٹیم نے طویل عرصے بعدکامیابی حاصل کی تھی۔
٭٭٭٭٭