انتخابی مہم میں اربوں خرچ کا الیکشن کمیشن نے نوٹس نہیں لیا۔سراج الحق

کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ عام انتخابات 2018 میں بڑی جماعتوں نے اپنی انتخابی مہم میں اربوں روپے خرچ کرکے الیکشن کمیشن کی مقرر کردہ حدود سے تجاوز کیا، لیکن الیکشن کمیشن نے کوئی نوٹس نہیں لیا۔اسلامی اور خوش حال پاکستان ہمارا ایجنڈا ہے۔رائے عامہ ہموار کر کے حقیقی تبدیلی لانے کے لیے کوشاں ہیں۔وہ ادارہ نورحق میں اجتماع ارکان سے خطاب کررہے تھے۔ اجتماع سے سکریٹری جنرل لیاقت بلوچ اور حافظ نعیم الرحمن نے بھی خطاب کیا۔اجتماع ارکان انتخابات 2018کے نتائج اور حکمتِ عملی کے جائزے اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے طلب کیا گیا تھا۔اجتماع میں صوبائی امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی و دیگر بھی موجود تھے۔ سراج الحق نے کہا کہ تحفظ ناموس رسالت اور ختم نبوت کے حوالے سے جماعت اسلامی نے ہمیشہ جدوجہد کی ہے۔اس پر کوئی سمجھوتہ اور قوانین میں تبدیلی قبول نہیں کی جائے گی۔عالمی سطح پر بھی اس حوالے سے قانون سازی ہونی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ مسئلہ کشمیر پر قومی امنگوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق اپنا کردار ادا کرے ۔سراج الحق نے ارکان پر زور دیا کہ ہمیں دعوت کے کام عام کریں اور تنظیم کو مزید وسعت دیں۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی اپنے مقصد ، نصب العین اور نظریے پر قائم ہے حالات کے دباوٴ اور وقتی لہر میں بہنے کے بجائے اقامت ِ دین کی جدو جہد پر گامزن ہے۔حافظ نعیم نے کہا کہ کارکنوں میں جوش و جذبہ اور عزم و حوصلہ موجود ہے۔ہماری جدوجہد جاری رہے گی ۔

Comments (0)
Add Comment