ایمپریس مارکیٹ -پریڈی اسٹریٹ پرغیرقانونی پارکنگ ختم کرنے کا حکم

کراچی (اسٹاف رپورٹر )ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے ایس ایس پی ساؤتھ، ایس پی ٹریفک ساؤتھ، ایس پی ٹریفک سٹی، ایس پی ٹریفک ایسٹ کے ہمراہ صدر، ایمپریس مارکیٹ، پریڈی اسٹریٹ کا دورہ کیا۔ صدر ایمپریس مارکیٹ اور پریڈی اسٹریٹ پر غیر قانونی پارکنگ نہیں ہو نے دی جائے، اس کام کے لیے ڈی ایس پی اور ایس ایچ او پریڈی ٹریفک پولیس کی مدد کریں، ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کہا کہ ان احکامات پر عمل کے لیے 15دن کی مہلت دی گئی ہے جس کے بعد عمل نہ کرنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ایڈیشنل آئی جی نے دورے کے دوران افسران کو ہدایت دیتے ہو ئے کہا کہ تمام افسران ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھیں اگر کسی وجہ سے ٹریفک کو متبادل راستے کی جانب موڑا جاتا ہے تو ضلع کے ایس پی کے پاس متبادل راستے کا پلان پہلے سے موجود ہونا چاہیے۔ متبادل راستے پر ڈسٹرکٹ پولیس اور ٹریفک پولیس کے اہلکار موجود ہوں۔ علاوہ ازیں کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر شیخ نے میٹروپول ٹریفک چوکی پر ایس ایس پیز کے ساتھ اہم اجلاس کیا۔ انہوں نےماڈل روڈز کیلئے تجویز کی گئی سڑکوں پر غیرقانونی پارکنگ کی فوری پابندی کا حکم جاری کیا۔ کراچی بھر میں ون وے آمدورفت کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانہ اور مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا گیا،شاہراہ فیصل پر حد رفتار اور موٹر سائیکل لین پر سختی سے عملدرآمد کرنے کا حکم بھی دیا گیا۔

Comments (0)
Add Comment