صفائی ستھرائی اور پانی کی عدم فراہمی کیخلاف بھنگوریہ ٹاؤن میں احتجاج

کراچی(اسٹاف رپورٹر)عزیزآبادکے علاقے محمدی کالونی اور بھنگوریہ ٹاؤن کے مکینوں نے سیوریج، صفائی ستھرائی اور پانی کی عدم فراہمی پر واٹر بورڈ اور بلدیہ وسطی کے خلاف احتجاج کیا، احتجاج کے باعث علاقے میں ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق عزیزآباد کے علاقے محمدی کالونی اور بھنگوریہ ٹاؤن کے مکینوں نے واٹر بورڈ اور بلدیہ وسطی کے خلاف علاقے میں سیوریج، صفائی ستھرائی اور پانی کی عدم فراہمی پر احتجاج کیا، مشتعل مظاہرین کا کہنا تھا کہ الیکشن سے قبل پانی کی فراہمی کے لئے علاقے میں لائن ڈال دی گئی تھی لیکن پانی نہ آیا، بلدیاتی نمائندے اور واٹر بورڈ حکام ان مسائل کو حل کرنے کے بجائے ٹال مٹول کررہے ہیں۔ احتجاج کے باعث اطراف کی شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی طویل قطار لگ گئی، احتجاج کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین کو مذاکرات کے بعد پرامن طور پر منتشر کرکے ٹریفک کی روانی کو بحال کرادیا۔

Comments (0)
Add Comment