اسلام آباد(ناصر عباسی؍مانیٹرنگ ڈیسک )قومی احتساب بیورو (نیب)کے4ڈائریکٹر جنرل اور 2ڈائریکٹرز سمیت8 افسران کے تبادلے کردئیے گئے ہیں، نیوٹیک کے سربراہ ذوالفقارچیمہ سے استعفیٰ لے لیاگیا، جبکہ بیورو کریسی اورسفارت کاروں میں بھی بڑے پیمانے پرردوبدل کا امکان ہے، علی جہانگیر صدیقی، ملیحہ لودھی اور طارق عظیم کو بھی واپس بلایاجارہاہے ۔تفصیلات کے مطابق نیب میں 22ویں گریڈ کےافسر ڈائریکٹر جنرل محمد عابد کا نیب ہیڈکوارٹرز اسلام آباد سے نیب آفس کوئٹہ میں تبادلہ کردیا گیا ہے ،21گریڈ کےافسر ڈی جی فاروق ناصر خان کا نیب ہیڈکوارٹرز اسلام آباد سے نیب کراچی ،گریڈ 21 کے افسرڈی جی محمد الطاف بھوانی کا نیب کراچی سے نیب ہیڈکوارٹرز اسلام آباد تبادلہ کیا گیا ہے۔20ویں گریڈ کےافسرقائمقام ڈی جی مرزا محمد عرفان بیگ کو نیب بلوچستان سے سکھرمیں ڈائریکٹر نیب تعینات کیا گیا ہے۔گریڈ20 کے افسر ڈائریکٹر فیاض احمد قریشی کا نیب سکھر سےنیب ہیڈکوارٹرز اسلام آباد تبادلہ کیا گیا ہے،19ویں گریڈ کےافسر ایڈیشنل ڈائریکٹر غلام صفدر شاہ کا نیب لاہور سے نیب اسلام آباد تعینات کئے گئے ہیں جبکہ ڈیپوٹیشن پر ادارے میں تعینات ہونے والے سیکرٹریٹ گروپ سے تعلق رکھنے والے گریڈ 19 کے افسر احمد جان ملک اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر )کے افسر ناصر اقبال کی خدمات اسٹبلشمنٹ ڈویژن کے حوالے کردی گئی ہیں نیب افسران کے تبادلوں کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق مستقل میں ڈیپوٹیشن کی مدت ختم ہونے پر مزیداہم تبادلوں کے امکانات موجود ہیں ۔جن میں سابق چیئرمین نیب سے قریبی تعلقات اور سابقہ حکومت کی سفارش پر متعدد افسران کو ڈیپوٹیشن پر تعینات کیا گیا تھا جبکہ چیئرمین نیب کی جانب سے ادارے کے تفتیشی افسران کو جاری زیر تفتیش مقدمات کومزید تیزی کے ساتھ منطقی انجام تک پہنچانے کے احکامات جاری کردئیے ہیں ۔ادھرانگریزی اخبارکے مطابق حکومت نے سیاسی بنیادوں پرتعینات بیوروکریٹس اورسفارت کاروں کوبھی تبدیل کرنے کا فیصلہ کیاہے۔اس ضمن میں کئی افسران کونوٹس جاری کیے گئے ہیں۔حکومت نے نیشنل ووکیشنل اینڈٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے سربراہ ذوالفقارچیمہ سے استعفیٰ لے لیاہے۔انہوں نے اتوارکواپنی ذمہ داریاں چھوڑدیں۔ذرائع کے مطابق سیاسی بنیادوںڈ پر تعینات افسران کونوٹس بھیجے گئے ہیں تاکہ وہ لوگ رضاکارانہ طورپرعہدوں سے الگ ہوجائیں بصورت دیگرانہیں ہٹادیاجائے گا۔وفاقی حکومت نے سیاسی بنیادوں پر تعینات امریکہ ،اقوام متحدہ اور کینیڈا میں تعینات پاکستانی سفیروں کو ہٹانے کا فیصلہ کرتے ہوئے نوٹس جاری کر دیے ہیں۔کسی عہدے پر 5برس سے تعینات افسران بھی ہٹائے جائیں گے۔ امریکہ میں تعینات سفیر علی جہانگیر صدیقی، اقوام متحدہ میں پاکستان کی مندوب ملیحہ لودھی اور کینیڈا میں تعینات ہائی کمشنر طارق عظیم کوبھی واپس بلانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے ۔ حکومتی فہرست میں صرف بیورو کریٹس اور بیرونی ممالک میں تعینات سفیر ہی نہیں بلکہ بعض اعلیٰ تعلیمی اداروں کے سربراہان بھی شامل ہیں ۔