کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز ہی شدید مندی کا رجحان رہا۔سرمایہ کار غیر یقینی صورتحال کا شکار ہیں جس کے باعث انڈیکس میں مسلسل کمی دیکھی گئی۔ پیر کو پہلے سیشن میں ہنڈرڈ انڈیکس زیادہ سے زیادہ 39 ہزار کی سطح پر گیا جس کے بعد اس میں 1300 پوائنٹس کی کمی ہوگئی۔ کاروبار کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس 1382 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ 37 ہزار 898 پوائنٹس پر بند ہوا۔ اس سے مارکیٹ کپٹلائزیشن 500 ارب کم ہوگئی۔معاشی ماہرین کا کہنا ہےکہ آئی ایم ایف کے تجزیہ پر مارکیٹ میں تشویش ہے، آئی ایم ایف کے اہداف پورا کرنا مہنگائی کا سبب ہوگا۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اتوار کوپریس کانفرنس میں کہا تھا کہ بجلی کی قیمتیں نہ بڑھائیں تو 1200ارب کا گردشی قرضہ مزید بڑھ جائے گا جب کہ انہوں نے آئی ایم ایف پروگرام کی طرف بھی جانے کا اشارہ دیا تھا۔