شراب بوتلیں برآمدگی کیس میں شرجیل میمن کے پروڈکشن آرڈر جاری

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت نے ضیاء الدین اسپتال سے شرجیل میمن کے کمرے سے شراب کی بوتلیں برآمدگی سے متعلق مقدمہ میں ملزم سابق صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ان کے پروڈکشن آرڈر جاری کردیئے۔عدالت نے شرجیل میمن کو 23 اکتوبر کو پیش کرنے کا حکم دیدیا ہے۔جوڈیشل مجسٹریٹ غربی کی عدالت نے 2 بہنوں خضریٰ اور عائشہ کے اغوا سے متعلق مقدمہ میں تفتیشی افسر کو 10 اکتوبر کو طلب کرلیا ہے۔سماعت پر مغوی لڑکیوں کی والدہ رضیہ کا کہنا تھا کہ اغوا کا مقدمہ ملزمان کاشف اور کامران کے خلاف درج ہوا تھا۔منگھوپیر پولیس کے پاس جاتے ہیں ، تو پولیس کہتی ہے کہ رقم کے بغیر کچھ نہیں ہوسکتا۔غریب لوگ پیسہ کہاں سے لائیں۔احتساب عدالت نے فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی میں کروڑوں روپے کی کرپشن اور غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق ریفرنس میں گواہ عابد عارفین کی جانب سے ریکارڈ پیش نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ریکارڈ سمیت پیش ہونے کا حکم دیدیا ہے۔احتساب عدالت کے منتظم جج نے 265 ایکڑ زمین پر 300 پلاٹوں کی غیر قانونی فروخت اور لیز سے متعلق کیس میں ڈائریکٹر اسپورٹس اینڈ کلچر کے ایم سی سیف عباس و دیگر کی بریت کی درخواست مسترد کردی ہے ۔

Comments (0)
Add Comment