کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر اطلاعات بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ تھر میں قحط سالی سے نبرد آزما ہو نے کے لیے سندھ حکومت اپنے وسائل سے بڑھ کر کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے اپنے دفتر میں پرہجوم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے وفاقی حکومت کی معاونت کے بغیر تھرپارکر کے علاقے میں 18 ڈیموں کی تعمیر مکمل کی ہے۔تھر میں نادرا کی رجسٹریشن کو دیکھتے ہوئے حکومت سندھ نے ریلیف پیکیج کے تحت ایک لاکھ 86 ہزار خاندانو ں میں گندم کی منصفانہ تقسیم کی ہے۔تھر کے علاقے میں بہت جلد موبائل پیڈیاٹرک یونٹ کا آغاز کیا جائے گا۔سول اسپتال مٹھی میں ڈاکٹرز موجود اور تمام ادویات مفت فراہم کی جا ر ہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ایس ایم بی آ ر رپورٹ کے تحت ہر خاندان کو 50 کلو گرام گندم مفت فراہم کی گئی ہے ۔صحافیوں کے سوالات پر صوبائی مشیر نے کہا کہ تحریک انصاف کے پاس عوام کے لیے کوئی معاشی اور سماجی منصوبہ نہیں ہے۔دوسرو ں کی طرح تھر سے الیکشن لڑ کر شاہ محمود قریشی نے تھر کے عوام کی کوئی خدمت نہیں کی، بلکہ وہ گندم جو تھر کے باشندوں کو فرا ہم کرنی چاہیے۔انہوں نے گندم افغانستا ن بھیج دی ہے۔